پنجاب میں بھٹہ خشت پر چائلڈ لیبر کے خاتمے کا فیصلہ، نئے قواعد کابینہ کو ارسال

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب میں بھٹہ خشت پر بچوں سے مشقت کے مکمل خاتمے کے لیے نئے قواعد متعارف کرانے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے، پنجاب پروہیبیشن آف چائلڈ لیبر ایٹ برک کلنز رولز 2026 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ لیبر نے چائلڈ لیبر ایٹ برک کلنز رولز کا مسودہ پنجاب کابینہ کو ارسال کردیا ہے۔ کابینہ سے منظوری ملنے کے بعد نئے قواعد فوری طور پر نافذ کردیئے جائیں گے۔
مجوزہ قواعد کا بنیادی مقصد بھٹہ خشت پر بچوں سے مشقت کی روک تھام اور چائلڈ لیبر کی نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
قواعد کے تحت بھٹہ مالکان کے لیے بچوں کو کام پر لگانے سے متعلق پابندیوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ بھٹوں پر کام کرنے والے مزدوروں اور ان کے بچوں کا ریکارڈ مرتب کرنے اور اس کی تصدیق کے لیے باقاعدہ طریقہ کار بھی وضع کیا جائے گا۔
نئے نظام کے تحت بچوں کی عمر کی تصدیق، ریکارڈ کی تیاری اور بھٹوں پر چائلڈ لیبر کی نشاندہی کے لیے واضح طریقہ کار مقرر کیا جائے گا۔
لیبر انسپکٹرز کو بھٹوں کے باقاعدہ معائنے اور بچوں کو کام کرتے ہوئے پائے جانے کی صورت میں قانونی کارروائی کی ذمہ داری سونپنے کی تجویز ہے۔ انہیں چائلڈ لیبر سے متعلق شکایات کی تحقیقات کے لیے بھی واضح ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی۔
مجوزہ قواعد میں خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کے طریقہ کار کو مزید واضح کرنے کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ لیبر کے کردار کو مؤثر بنانے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق بچوں سے مشقت کے نقصانات سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے مختلف مہمات بھی چلائی جائیں گی تاکہ بھٹہ خشت پر چائلڈ لیبر کے خاتمے کو یقینی بنایا جاسکے۔



