آزاد کشمیر کے قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر پر حملے کا دعویٰ، پیپلزپارٹی کی فوری کارروائی کا مطالبہ

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلزپارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے قائم مقام صدر اور پارٹی امیدوار چوہدری لطیف اکبر پر انتخابی عمل کے دوران حملہ کیا گیا، جس پر پارٹی نے الیکشن کمیشن سے فوری نوٹس لینے، ذمہ داروں کی گرفتاری اور قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے مطابق پولنگ کے روز پیش آنے والا یہ واقعہ صرف ایک انتخابی بے ضابطگی نہیں بلکہ ریاست کے آئینی وقار اور ریاستی نظم پر حملہ ہے، جس پر اعلیٰ سطح کا ادارہ جاتی ردعمل ضروری ہے۔

پارٹی نے الزام عائد کیا کہ یاسر شاہ، احمد شاہ اور فواد شاہ حملے میں ملوث ہیں۔ پیپلزپارٹی کے مطابق نامزد افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے اور ان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

پارٹی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لے، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ کرکے واقعے کی تحقیقات کرائے اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائے۔

دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ ذمہ دار عناصر کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے انتخابی عمل کے دوران سکیورٹی انتظامات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنے بیان میں کہا کہ صدر ریاست پر حملہ قابلِ مذمت ہے اور اس کے ذمہ داروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جانا چاہیے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انتخابی عمل کے دوران پیپلزپارٹی کے کارکنوں اور قیادت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

نوٹ: خبر میں شامل الزامات اور سیاسی بیانات متعلقہ فریقین کے مؤقف پر مبنی ہیں۔ ان الزامات پر مسلم لیگ (ن)، الیکشن کمیشن یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کا باضابطہ مؤقف اس خبر میں شامل نہیں ہے۔

مزید خبریں

Back to top button