اردن میں ایرانی میزائل حملہ، سینٹکام نے 2 امریکی فوجیوں کی ہلاکت اور متعدد زخمی ہونے کی تصدیق کر دی

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے  اردن  میں  ایران کے بیلسٹک میزائل  حملوں میں اپنے 2 فوجیوں کی ہلاکت  اور متعدد کے زخمی ہونےکا اعتراف کیا ہے۔

سینٹکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ 17 جولائی کو اردن میں امریکی سینٹرل کمانڈ اور اس کے اتحادی دستے ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون حملوں کے خلاف دفاع کر رہے تھے کہ اس دوران 2  امریکی فوجی ہلاک ہوگئے، جب کہ ایک امریکی فوجی تاحال لاپتا ہے۔

سینٹکام کے مطابق  4 امریکی فوجیوں کو طبی امداد کے لیے اردن کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا تھا، تاہم انہیں علاج کے بعد فارغ کر دیا گیا، جب کہ معمولی زخمی ہونے والے دیگر اہلکاروں کا بھی معائنہ کیا گیا اور وہ دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں۔

سینٹکام کا کہنا ہےکہ ہلاک امریکی فوجیوں کے اہلخانہ کو باضابہ طور پر اطلاع کے 24 گھنٹے بعد  فوجیوں کی شناخت ظاہرکی جائےگی۔

خیال رہےکہ گزشتہ روز ایرانی پاسداران انقلاب نے اردن میں امریکا کی الازرق ائیر بیس کو نشانہ بنانےکا اعلان کیا تھا۔

پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ اردن میں الازرق ائیربیس کو میزائل اور ڈرونز سے نشانہ بنایا، حملے میں بیس پر 2 فائٹر جیٹس  اور 3 امریکی طیارے تباہ کیے، حملے میں بیس پر فائٹر جیٹ شیلٹرز، پارکنگ ریمپ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

روسی میڈیا کا کہنا تھا کہ اس حملے سے پہلے امریکی فوجیوں کا انخلا نہیں کرایا گیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button