سفارتی کوششوں کے باوجود امریکا ایران پر نئے حملوں کی تیاری کررہا ہے، امریکی ٹی وی کا دعویٰ

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی ٹی وی نے رپورٹ کیا ہے کہ سفارتی کوششوں کے باوجود امریکا ایران پر نئے حملوں کی تیاری کر رہا ہے۔
سی بی ایس نیوز کے مطابق منصوبہ بندی سے آگاہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نئے حملوں کی تیاری میں مصروف تھی، تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ حکومتی مصروفیات انہیں اپنے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی شادی میں شرکت سے روک رہی ہیں۔ وہ ویک اینڈ نیو جرسی میں اپنے گولف ریزورٹ میں گزارنے والے تھے لیکن اب وائٹ ہاؤس واپس آ رہے ہیں۔
کئی ذرائع کے مطابق امریکی فوج اور انٹیلی جنس کمیونٹی کے بعض ارکان نے بھی ممکنہ حملوں کے پیش نظر اپنی تعطیلات منسوخ کر دی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی دفاعی اور انٹیلی جنس حکام مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی موجودگی، ممکنہ ایرانی ردعمل اور خطے میں تعینات افواج کے انخلا کے معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ بیرون ملک اڈوں پر سٹینڈ بائی فوجیوں کی فہرست بھی اپ ڈیٹ کی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اپریل کے اوائل میں عارضی جنگ بندی کے آغاز کے بعد ایران اور امریکا نے بڑے پیمانے پر ایک دوسرے پر براہ راست حملوں سے گریز کیا، جس سے طویل مدتی معاہدے کیلئے بالواسطہ مذاکرات کا موقع ملا۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان اینا کیلی نے کہا کہ صدر ٹرمپ اپنی سرخ لکیریں واضح کر چکے ہیں کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا اور نہ ہی افزودہ یورینیم برقرار رکھ سکتا ہے۔



