پاکستان اور بنگلادیش کاوا والی بال چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)اسلام آباد میں جاری سینٹرل ایشین والی بال ایسوسی ایشن (کاوا) چیمپین شپ کے سیمی فائنلز میں سنسنی خیز مقابلوں کے بعد پاکستان اور بنگلادیش نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنا لی۔

پہلے سیمی فائنل میں بنگلادیش نے ازبکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد تین صفر سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

بنگلادیش نے پہلا سیٹ اکیس کے مقابلے میں پچیس، دوسرا سیٹ بیس کے مقابلے میں پچیس اور تیسرا سیٹ انیس کے مقابلے میں پچیس سے جیت کر ازبکستان کو ایونٹ سے باہر کر دیا۔

دوسرے سیمی فائنل میں میزبان پاکستان نے سری لنکا کو ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے مسلسل تیسری بار تین صفر سے کامیابی حاصل کر کے فائنل میں شاندار انداز میں رسائی حاصل کر لی۔

پاکستان نے پہلے سیٹ میں سری لنکا کو اٹھارہ کے مقابلے میں پچیس سے شکست دی، دوسرے سیٹ میں پاکستانی سمیشرز کی جارحانہ کارکردگی کے سامنے سری لنکن ٹیم بے بس دکھائی دی اور پاکستان نے یہ سیٹ دس کے مقابلے میں پچیس سے جیت لیا۔ تیسرے سیٹ میں بھی قومی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اکیس کے مقابلے میں پچیس سے کامیابی سمیٹی اور میچ تین صفر سے اپنے نام کر لیا۔

پاکستان کی مسلسل فتوحات کے بعد قومی ٹیم کاوا والی بال چیمپین شپ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے جہاں کل پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ٹائٹل کے لیے فیصلہ کن مقابلہ کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button