کیرولائن لیوٹ نے استعفیٰ صدر ٹرمپ سے دلبرداشتہ ہونے پر دیا، ایرانی سفارتخانہ

جوہانسبرگ(مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی افریقا میں ایرانی سفارتخانے نے دعویٰ کیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیوٹ نے استعفیٰ خاندان کو وقت دینے کے لیے نہیں بلکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے دلبرداشتہ ہونے کے باعث دیا۔
ایرانی سفارتخانے نے کیرولائن لیوٹ کی ایک ناخوشگوار موڈ والی تصویر شیئر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں لکھا کہ دھوکہ بہت برا ہوتا ہے۔
سفارتخانے کے مطابق جب آپ کا باس آپ کو دھوکہ دے، خطرے میں بھیجے اور خود فوڈ ٹرک کے ذریعے فرار ہونے کی کوشش کرے تو رفاقت سے متعلق تمام امیدیں ختم ہوجاتی ہیں۔ ایرانی سفارتخانے نے مزید کہا کہ قاتل سے اس سے زیادہ توقع بھی نہیں کی جاسکتی اور کیرولائن لیوٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ استعفیٰ دے کر انہوں نے اچھا کام کیا۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے ایرانی سفارتخانے کے دعوے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیرولائن لیوٹ ترکیہ کے دورے کے دوران صدر ٹرمپ کے ساتھ موجود ہی نہیں تھیں۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ کے طیارے پر ایران کی جانب سے حملے کا خدشہ اسرائیلی خفیہ سروس نے ظاہر کیا تھا، جسے بعض سی آئی اے اہلکاروں نے بھی متنازع قرار دیا تھا۔
خیال رہے کہ 8 جولائی کو ترکیہ سے روانگی کے موقع پر صدر ٹرمپ کے ایئر فورس ون چھوڑ کر کیٹرنگ ٹرک میں چھپنے اور بعد ازاں چھوٹے ایئرفورس بوئنگ سی-32 اے طیارے کے ذریعے برطانیہ روانہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔



