کارگل کے ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو صدر اور وزیراعظم کا خراجِ عقیدت، قربانی کو عسکری تاریخ کا روشن باب قرار دے دیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کارگل جنگ کے ہیرو، نشانِ حیدر کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی 27ویں برسی پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی لازوال قربانی کو قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی قربانی ہمیشہ زندہ رہے گی، پاکستان کے شہداء ہمارا قومی سرمایہ ہیں اور ان کی خدمات و قربانیوں کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کی مقروض ہے اور انہی عظیم قربانیوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی 27ویں برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی لازوال قربانی پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے، جو مادرِ وطن سے وفاداری، جرات اور شجاعت کی اعلیٰ ترین روایات کی عکاس ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی عظیم قربانی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی ہمارے شہداء کے مقدس خون کی مرہونِ منت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم ہر بیرونی اور اندرونی خطرے کے خلاف اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button