مشرقی کانگو میں خوفناک آتشزدگی، 300 گھر اور 2 اسکول جل گئے، 29 طلبا جاں بحق

بوکاوو(مانیٹرنگ ڈیسک) مشرقی کانگو کے شہر بوکاوو میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں دو اسکولوں سمیت 300 گھر جل گئے، جبکہ آگ کی لپیٹ میں آکر 29 طلبا جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مقامی حکام کا کہنا ہے کہ آگ پہلے ایک گھر میں لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی اور قریبی گھروں سمیت دو اسکولوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
حکام کے مطابق آتشزدگی میں جاں بحق ہونے والے طلبا میں 19 لڑکیاں اور 10 لڑکے شامل ہیں، جبکہ بڑے پیمانے پر مالی نقصان بھی ہوا۔
مقامی حکام نے بتایا کہ جاں بحق بچوں کی تدفین کردی گئی ہے۔ تدفین کے موقع پر علاقے میں سوگ کی فضا رہی جبکہ بچوں کے والدین اور اہل خانہ غم سے نڈھال دکھائی دیے۔
حکام کے مطابق آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور واقعے سے متعلق مزید حقائق سامنے لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔



