امریکا ایران مذاکرات کے بعد تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں پیر کے روز نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات کے بعد سپلائی کے خدشات میں کمی بتائی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں ایک ڈالر سے زائد کمی ہوئی جس کے بعد یہ 79 ڈالر فی بیرل پر آگیا، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی 75 ڈالر اور مربان آئل 73 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔
مذاکرات میں ایران کی جانب سے تیل اور پیٹروکیمیکل برآمدات کے لیے رعایتوں اور جزوی ریلیف کے دعووں کے بعد مارکیٹ میں سپلائی میں اضافے کی توقعات بڑھ گئی ہیں۔
دوسری جانب آبنائے ہرمز میں شپنگ سرگرمیوں میں کمی اور مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باوجود سرمایہ کاروں کی نظر اب مذاکرات کے نتائج پر مرکوز ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر سفارتی پیشرفت جاری رہی تو آئندہ دنوں میں تیل کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھا جا سکتا ہے۔



