بلاول بھٹو سے خیبرپختونخوا قیادت کی ملاقات،صوبے کی سیاسی، تنظیمی اور عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا اور خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں صوبے کی سیاسی، تنظیمی اور عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات ندیم افضل چن اور سندھ حکومت کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور محمد علی شاہ باچا کے درمیان خیبرپختونخوا کی موجودہ سیاسی صورتحال اور پارٹی کی تنظیمی کارکردگی پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر ایبٹ آباد میں منعقدہ یوتھ کنونشن اور مانسہرہ میں عوامی رابطہ مہم کے تحت ہونے والی تقریبات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی تنظیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایبٹ آباد میں پارٹی تنظیم کی کارکردگی متاثر کن رہی جبکہ مانسہرہ میں بھی تنظیم نے بہتر کام کیا ہے۔
ملاقات میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو خیبرپختونخوا میں گندم کی قلت کے بحران اور امن و امان کی صورتحال پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے گندم بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گورنر کو ہدایت کی کہ جس طرح سی این جی بحران کے حل میں کردار ادا کیا گیا، اسی طرح گندم بحران کے خاتمے کے لیے بھی فعال کردار ادا کیا جائے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے گورنر خیبرپختونخوا کو ہدایت کی کہ صوبے کے مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر خیبرپختونخوا کا مقدمہ لڑا جائے۔
ملاقات میں وفاقی بجٹ میں فاٹا اور پاٹا پر عائد مجوزہ ٹیکسز کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی، جس پر بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ وہ فاٹا اور پاٹا کے عوام کے حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔



