بلاول بھٹو کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو لاڑکانہ آمد پر خیرمقدم
برداشت، احترام اور مل جل کر رہنے کی سیاست کی طرف واپس آنا ہوگا، بلاول بھٹو


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے سندھ کے دورے پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شہیدوں کے شہر لاڑکانہ آمد پر خوش آمدید کہا ہے۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں آخرکار برداشت، احترام اور مل جل کر رہنے کی سیاست کی طرف واپس آنا ہوگا، کیونکہ یہی کسی بھی جمہوریت کی بنیاد ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کا حسن ہی یہ ہے کہ سیاست اور اظہارِ رائے کی آزادی ہو، عدلیہ آزاد ہو اور عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ خودمختار اور صحافت آزاد ہونی چاہیے، جبکہ عوامی مینڈیٹ کے برعکس چور دروازوں کا استعمال بند کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ اب میرپورخاص اور پھر عمرکوٹ میں پورے پاکستان کو بانی پی ٹی آئی کے دیوانے نظر آئیں گے، جبکہ کل حیدرآباد اور کراچی میں بھی عوام کا سمندر ہوگا۔