انتخابات تک یہیں رہوں گا، احتجاج نہیں مذاکرات کا راستہ اپنائیں، بلاول بھٹو زرداری

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا ہے کہ وہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات تک خطے میں موجود رہیں گے اور پارٹی کی انتخابی مہم کی خود قیادت کریں گے۔
مظفرآباد میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کا دورہ صرف انتخابی مہم کے لیے نہیں بلکہ آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہر مشکل وقت میں کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔
انہوں نے احتجاج کرنے والوں سے اپیل کی کہ 30 روزہ احتجاج کے بعد اب مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے، کیونکہ ان کے بقول حقوق انتہاپسندی سے نہیں بلکہ نظام کے اندر رہ کر حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے انتخابی بائیکاٹ کی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر نوجوانوں کی امیدیں پوری نہ ہوئیں تو انتشاری عناصر اس صورتحال سے فائدہ اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی موجودگی کا مقصد پارٹی کی مقامی قیادت اور امیدواروں کا حوصلہ بڑھانا اور دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیر کے عوام کو کسی مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑتی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی اور گزشتہ تین نسلوں سے پارٹی آزاد کشمیر کے عوام کی آواز پاکستان اور عالمی سطح پر بلند کرتی آ رہی ہے۔
انہوں نے قومی اسمبلی میں آزاد جموں و کشمیر کو عبوری نمائندگی دینے، این ایف سی ایوارڈ میں خطے کی نمائندگی شامل کرنے اور انتخابات کے بعد کشمیر سے متعلق تمام اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل ایک آئینی فورم کے قیام کی تجویز بھی پیش کی۔



