سفارتی محاذ پر پاکستان کی تاریخی پذیرائی دشمن سے ہضم نہیں ہورہی، بلاول بھٹو

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں پاکستان رینجرز کے کیمپ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کی تاریخی سفارتی کامیابیاں دشمن کو ہضم نہیں ہو رہیں۔
ترجمان بلاول ہاؤس کے مطابق بلاول بھٹو نے حملہ آور دہشت گردوں کو بروقت کارروائی میں ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں تین رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ بزدلانہ حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی سفارتی محاذ پر پاکستان کی کامیابیاں دشمن کو برداشت نہیں ہو رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے وطن کے دفاع اور دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے متحد اور پُرعزم ہے۔



