2026 میں بیرونِ ملک نئی زندگی کیلئے بہترین ممالک کی فہرست جاری

لاہور(ویب ڈیسک) بیرونِ ملک منتقل ہو کر نئی زندگی شروع کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے 2026 کے بہترین ممالک کی فہرست جاری کردی گئی ہے، جس میں کم اخراجات، معیارِ زندگی، دوستانہ ماحول، روزگار، آمدنی اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھا گیا۔
عالمی ریسرچ پروجیکٹ انٹر نیشنز کے سروے میں تارکینِ وطن کی آرا کی بنیاد پر 31 ممالک کا جائزہ لیا گیا۔ مجموعی درجہ بندی میں پاناما پہلے، میکسیکو دوسرے، تھائی لینڈ تیسرے، متحدہ عرب امارات چوتھے اور برازیل پانچویں نمبر پر رہا۔
پاناما مسلسل تیسرے سال تارکینِ وطن کے لیے بہترین ملک قرار پایا۔ سروے میں 87 فیصد افراد نے اپنی زندگی سے اطمینان کا اظہار کیا جبکہ 90 فیصد نے رہائش تلاش کرنے کو آسان قرار دیا۔ تارکینِ وطن نے یہاں پرسکون طرزِ زندگی، نسبتاً کم اخراجات، قابلِ اعتماد انٹرنیٹ اور آسان بینکاری کو نمایاں مثبت پہلو قرار دیا۔
میکسیکو مجموعی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر رہا اور نئے ماحول میں گھلنے ملنے کے حوالے سے سب سے بہتر ملک قرار پایا۔ 73 فیصد تارکینِ وطن نے کہا کہ مقامی دوست بنانا آسان ہے۔ تاہم سکیورٹی کے معاملے میں میکسیکو 31 ممالک میں 25ویں نمبر پر رہا۔
تھائی لینڈ تیسرے نمبر پر رہا اور تارکینِ وطن کی خوشی کے حوالے سے سب سے زیادہ اسکور حاصل کیا۔ سروے میں 86 فیصد افراد نے بیرونِ ملک زندگی سے اطمینان ظاہر کیا، جبکہ کم لاگتِ زندگی بھی اس کی مقبولیت کی بڑی وجہ بنی۔ تارکینِ وطن کے مطابق ملک نے جدید ترقی کے باوجود اپنی ثقافتی شناخت برقرار رکھی ہے۔
متحدہ عرب امارات نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ تارکینِ وطن نے یہاں کے دوستانہ ماحول، استحکام، سکیورٹی اور حکومتی نظام پر اعتماد کو اہم عوامل قرار دیا۔ دبئی اور رأس الخیمہ میں مقیم افراد نے نسبتاً پرسکون طرزِ زندگی کو بھی سراہا۔
برازیل پہلی مرتبہ ٹاپ فائیو میں شامل ہوا اور پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ ملک نے خوشی، دوستانہ ماحول، مقامی لوگوں کے رویے اور ثقافت کے شعبوں میں نمایاں اسکور حاصل کیا۔ تارکینِ وطن نے برازیلی معاشرے کی گرمجوشی اور اپنائیت کو ملک میں قیام کی اہم وجہ قرار دیا۔
سروے کے نتائج کے مطابق بیرونِ ملک نئی زندگی شروع کرنے والوں کے لیے صرف زیادہ آمدنی ہی فیصلہ کن عنصر نہیں۔ کم لاگتِ زندگی، رہائش کی آسانی، سکیورٹی، صحت، ڈیجیٹل سہولیات اور مقامی معاشرے میں گھلنے ملنے کے مواقع بھی ملک کے انتخاب میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔



