بیلجیئم کے شاہی خاندان میں نیا شہزادہ شامل، بادشاہ کے بھائی نے سابق کار سیلز مین کو بیٹا تسلیم کرلیا

بیلجیئم(ویب ڈیسک) بیلجیئم کے بادشاہ کے بھائی شہزادہ لارینٹ نے 26 سالہ کلیمنٹ وانڈن کرک ہووے کو باضابطہ طور پر اپنا بیٹا تسلیم کرلیا، جس کے بعد وہ شاہی خاندان کا حصہ اور شہزادے کے لقب کا حقدار بن گئے۔
رپورٹس کے مطابق کلیمنٹ کو رواں برس فروری میں ایک مختصر اور غیر رسمی تقریب کے دوران قانونی طور پر شاہی خاندان میں شامل کیا گیا، تاہم تقریب کی تفصیلات بدھ کے روز سامنے آئیں۔
شہزادہ لارینٹ نے گزشتہ سال عوامی طور پر کلیمنٹ کو اپنا بیٹا تسلیم کیا تھا۔ کلیمنٹ کی پیدائش شہزادہ لارینٹ اور سابق فلیمش ماڈل و گلوکارہ آئرس وانڈن کرک ہووے کے درمیان سات سالہ تعلق کے دوران ہوئی تھی۔
قانونی طور پر بیٹے کی حیثیت ملنے کے بعد کلیمنٹ کو شہزادے کا شاہی لقب اور والد کی جائیداد میں وراثتی حق حاصل ہوگا، تاہم وہ بیلجیئم کے تخت کی جانشینی کی فہرست میں شامل نہیں ہوں گے اور انہیں شاہی وظیفہ بھی نہیں ملے گا۔
کلیمنٹ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ ابھی یہ فیصلہ نہیں کر سکے کہ آیا شاہی خاندان کا نام ’وان ساکسن کوبرگ‘ اختیار کریں گے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے موجودہ نام ’وانڈن کرک ہووے‘ پر فخر ہے اور اسے ترک کرنا ان کی والدہ کی جانب سے ان کے لیے کی جانے والی تمام قربانیوں سے غداری کے مترادف ہوگا۔



