وزیرآباد میں یکساں شیڈ نہ لگوانے پر انتظامیہ کی کارروائی،تاجروں نے مہلت مانگ لی

وزیرآباد (جانوڈاٹ پی کے) مین بازار وزیرآباد میں جاری بیوٹیفکیشن منصوبے کے تحت دوکانوں کے اوپر یکساں شیڈ نصب نہ کروانے پر انتظامیہ نے متعدد دوکانیں سیل کر دیں۔ بعد ازاں متعلقہ کنٹریکٹر کے ساتھ معاہدہ مکمل ہونے کے بعد دوکانوں کو ڈی سیل کر دیا گیا۔دوکانداروں کا کہنا ہے کہ موجودہ کاروباری حالات اور مالی مشکلات کے باعث بیشتر تاجروں کے لیے نئے شیڈ اور سائن بورڈ لگوانا فوری طور پر ممکن نہیں، جس کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ تاجروں کو مناسب مہلت فراہم کرے تاکہ وہ مرحلہ وار کام مکمل کرا سکیں۔دوسری جانب انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق بازار کی بیوٹیفکیشن بروقت مکمل ہونا ضروری ہے۔ منصوبے میں تاخیر کے حوالے سے متعلقہ حکام سے رپورٹس طلب کر لی گئی ہیں اور کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔بیوٹیفکیشن منصوبے کا مقصد مین بازار کو جدید، منظم اور خوبصورت شکل دینا ہے تاکہ شہریوں اور خریداروں کو بہتر ماحول میسر آ سکے۔



