اسحاق ڈار سے سابق وزیر بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کی وفد سمیت ملاقات

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بلوچستان کے سیاسی وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبے کے عوام کو درپیش مسائل، معاشی ترقی اور امن و استحکام سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے وفاقی حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے عوام کے مسائل کے حل اور صوبے کی معاشی خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی ترقی، عوامی فلاح اور پائیدار خوشحالی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
ملاقات میں نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے صوبے میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے بلوچستان کے امن اور عوامی خوشحالی کے لیے اپنی جماعت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ اور طارق باجوہ بھی موجود تھے، جبکہ فریقین نے بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔



