اسرائیل جنوبی لبنان سے فوجیں واپس بلائے، جنگ کا خاتمہ تمام محاذوں پر ہونا چاہیے، باقر قالیباف

تہران(ویب ڈیسک) ایران کے اعلیٰ مذاکرات کار اور اسپیکر پارلیمان باقر قالیباف نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل جنوبی لبنان اور دیگر زیرِ قبضہ لبنانی علاقوں سے اپنی فوجیں واپس بلائے تاکہ بے گھر شہری عزت و وقار کے ساتھ اپنے گھروں کو لوٹ سکیں۔

ٹیلی گرام پر جاری اپنے بیان میں باقر قالیباف نے کہا کہ انہوں نے اپنے لبنانی ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران خطے کی صورتحال اور جنگ کے خاتمے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کا خاتمہ صرف ایک محاذ تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ لبنان سمیت تمام محاذوں پر کشیدگی کا خاتمہ ضروری ہے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔

ایرانی پارلیمان کے اسپیکر کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو لبنان کے زیرِ قبضہ علاقوں سے فوری انخلا کرنا چاہیے، جس سے متاثرہ شہری محفوظ انداز میں اپنے گھروں کو واپس جا سکیں گے اور معمولاتِ زندگی بحال ہو سکیں گے۔

باقر قالیباف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے تمام فریقین کو ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنا ہوگا اور تنازعات کے حل کیلئے سفارتی راستے اپنانے ہوں گے۔

مزید خبریں

Back to top button