بدین:سانپ کے ڈسنے سے 10 سالہ بچہ جاں بحق، اینٹی وینم کی عدم دستیابی پر شہریوں کا حکومت سے فوری نوٹس کا مطالبہ

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/ پی کے)پنگریو کے قریب سانپ کے ڈسنے سے 10 سالہ بچہ جاں بحق ایک ہفتے میں سانپ کے ڈسنے سے اموات کی تعداد دو ہوگئی خواتین سمیت چار افراد متاثر۔: پنگریو کے نواحی گاؤں بسم اللہ پور میں زہریلے سانپ کے ڈسنے سے 10 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق محنت کش سہیل آرائیں کے 10 سالہ بیٹے سکندرآرائیں کو سانپ نے ڈس لیا، جس کے بعد اہلِ خانہ اسے فوری طور پر بنیادی مرکزِ صحت پنگریو لے گئے، تاہم وہاں سانپ کے زہر کا تریاق (اینٹی وینم) دستیاب نہ ہونے کے باعث ڈاکٹروں نے بچے کو مزید علاج کے لیے انڈس اسپتال بدین ریفر کردیا، مگر  کمسن بچہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی راستے میں دم توڑ گیا۔ بچے کی میت گھر پہنچتے ہی اہلِ خانہ پر کہرام مچ گیا جبکہ پورا گاؤں سوگ میں ڈوب گیا۔ یہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پنگریو اور گردونواح میں سانپ کے ڈسنے سے ہونے والی اموات کی تعداد دو ہوگئی ہے، جبکہ اسی عرصے میں خواتین سمیت مزید چار افراد بھی سانپ کے ڈسنے سے متاثر ہوئے ہیں۔ مسلسل بڑھتے ہوئے ان واقعات نے دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات خصوصاً بنیادی مراکزِ صحت میں اینٹی وینم کی عدم دستیابی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ شہریوں اور سماجی حلقوں نے حکومت سندھ اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ پنگریو سمیت تمام دیہی مراکزِ صحت میں سانپ کے زہر کا تریاق ایمرجنسی ادویات اور ضروری طبی سہولیات کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ بروقت علاج ممکن ہو اور آئندہ مزید قیمتی انسانی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button