حکمرانوں نے ملک کو مالِ غنیمت سمجھ کر لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے،لال جروار

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)عوامی تحریک کے مرکزی رابطہ سیکریٹری لال جروار، ضلعی بدین کے صدر مہران درس، جیون کولہی، ایڈووکیٹ محبت ہالیپوٹو، ایڈووکیٹ فاضل زئور اور دیگر رہنماؤں نے ٹنڈوباگو کے قریب گاؤں پیتھو کولہی کے نزدیک عارو دل اسٹاپ پر عوامی تحریک میں شامل ہونے والے دیہاتیوں کی جانب سے منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کو مالِ غنیمت سمجھ کر لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے، جبکہ بییوروکریسی ان کی معاون بنی ہوئی ہے۔ سندھ کو پولیس اسٹیٹ بنا کر بااثر وڈیروں کے حوالے کر دیا گیا ہے، جو ملکی آئین اور قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ قبائلی سردار بے گناہ لڑکیوں کے قتل کرا کے کاروکاری کی رسم کے نام پر کروڑوں روپے جرمانے عائد کر کے ناجائز دولت کما رہے ہیں
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی تعلیم کو دانستہ طور پر تباہ کیا گیا ہے اور تعلیمی اداروں کو بھی غنڈوں اور تعلیم دشمن عناصر کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پبلک سروس کمیشن رشوت کا گڑھ بن چکا ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ پنجاب کی جانب سے دو ڈاکو نہریں، چشمہ جہلم اور تونسہ پنجند کھول کر سندھ کو خشک اور بنجر بنایا جا رہا ہے۔ کارپوریٹ فارمنگ کے نام پر سندھ کی لاکھوں ایکڑ زمینیں حوالے کی جا چکی ہیں۔ سندھیوں پر منشیات کی ایک غیر اعلانیہ جنگ مسلط کر دی گئی ہے، جبکہ مقامی انتظامیہ اور پیپلز پارٹی کے نمائندوں کی سہولت کاری سے منشیات کی کھلے عام فروخت جاری ہے انہوں نے کہا کہ اس لیے سندھی عوام کو بیدار اور منظم ہو کر پُرامن جدوجہد کی راہ اختیار کرنا ہوگی۔ جو قومیں بیدار اور منظم ہوتی ہیں، وہی اس جدید دور میں زندہ اور قائم رہتی ہیں ان رہنماؤں نے مزید کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کو خودکشیوں پر مجبور کیا جا رہا ہے اس موقع پر عوامی تحریک کا باقاعدہ یونٹ قائم کیا گیا اور عہدیداروں کا انتخاب عمل میں آیا، جس میں امرو مل کو صدر اور جیمل کو جنرل سیکریٹری مقرر کیا گیا۔ پورے گاؤں نے عوامی تحریک میں شمولیت اختیار کی، جبکہ نئی منتخب باڈی سے حلف بھی لیا گیا۔
رہنماؤں نے سندھ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ 7 جون کو قائدِ انقلاب محترم رسول بخش پلیجو کی برسی میں شرکت کر کے قومی یکجہتی کا ثبوت دیں



