بدین:سرکاری گرلز سکول پر قبضہ مافیا نے تعمیرات شروع کردیں

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن /نمائندہ جانوڈاٹ پی کے)بدین میں سرکاری گرلز پرائمری سکول کی زمین پر قبضہ کر کے قبضہ مافیا نے تعمیرات شروع کر دی ہیں ۔ شہر کے علاقے محلہ صدیق کنبھار کینٹ روڈ میں گورنمنٽ گرلز اسکول پر قبضہ مافیا نے غیر قانونی تعمیرات کا کام شروع کر دیا . تعمیرات سکول کے عمارت کے صحن میں کی جا رہی ہیں جہاں پر بچیوں کی اسمبلی لگتی ہے ۔ اس سے قبل بھی قبضہ گیروں نے اسکول کے اسی میدان پر قبضہ کیا تھا جسے انتظامیہ نے واگزار کروایا لیا تھا ۔

قبضہ مافیا نے اسکول کے کلاس رومز اور برآمدے کے آگے دیوار بنا کر بچوں کی اسمبلی کے احاطہ پر قبضہ کرنے کے بعد مزید تعمیراتی کام تیزی سے جاری رکھا ہوا ہے . اہل محلہ کے مطابق اسکول میں دو سو سے زائد بچیاں زیر تعلیم ہیں۔ قبضہ مافیا نے گزشتہ کئی روز سے سکول کے اسمبلی گراونڈ پر تعمیراتی کام شروع کر رکھا ہے اور انتظامیہ کی خاموش کی وجہ سے قبضہ مافیا نے فائدہ اٹھاتے ہوئے اسکول کے احاطے میں غیر قانونی تعمیراتی کام شروع کر کر رکھا ہے۔

شہریوں کے مطابق اس سے قبل بھی قبضہ مافیا نے اسکول پر قبضہ کی کو شش کی تھی شہریوں کے احتجاج اور شکایات پر سابق اسٹنٹ کمشنر بدین رابعہ سید اور شفیق الرحمان اریسر نے اس وقت کے ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز خان کے نوٹس اور ہدایت پر غیر قانونی تعمیرات کا کام بند کروا دیا تھا ، جبکہ قبضہ خوروں نے اب دوبارہ تعمیراتی کام شروع کردیا ہے۔ انتظامیہ کی خاموشی اور سیاسی سرپرستی کی وجہ سے قبضہ مافیا نے اسکول کی نصف پراپرٹی پر اپنے مکانات تعمیر کرانا شروع کردیا . اہل محلہ نے ڈپٹی کمشنر بدین اسٹنٹ کمشنر بدین مختیار کار ریونیو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر بدین سے مطالبہ کیا ہے کہ قبضہ مافیا کے خلاف نوٹس لیکر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button