ٹیم میں تبدیلیوں پر بابراعظم بھی حیران، بڑا انکشاف کردیا

برمنگھم (جانو ڈاٹ پی کے) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹیم میں حالیہ تبدیلیوں پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلوں کو تسلیم کرتا ہوں، نتائج اچھے نہ ہوں تو تبدیلیاں ہوتی رہتی ہیں، تاہم تبدیلیوں کی اصل وجہ پی سی بی ہی بہتر طور پر بتا سکتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ ٹیم میں ہونے والی تبدیلیاں میرے لیے بھی ایک خبر تھیں، مجھے بھی ان کے بارے میں بعد میں علم ہوا۔ ان کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے جو فیصلہ کیا ہے، یقیناً کچھ سوچ سمجھ کر کیا ہوگا۔
قومی کپتان کا کہنا تھا کہ مختلف کنڈیشنز میں کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی ثابت کرنا ہوتی ہے، جبکہ نتائج توقعات کے مطابق نہ آنے کی صورت میں تبدیلیاں فطری عمل ہیں۔
بابراعظم نے بطور سینئر کھلاڑی اپنی ذمہ داری کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ سینئر ہونے کے ناتے ذمہ داری لینی پڑتی ہے۔ انہوں نے ایجبسٹن گراؤنڈ کو اپنے لیے خوش قسمت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہاں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
قومی ٹیم کی گزشتہ کارکردگی پر بات کرتے ہوئے بابراعظم نے اعتراف کیا کہ آخری میچ میں ٹیم تینوں شعبوں، یعنی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں اچھا پرفارم نہیں کرسکی۔
انہوں نے کہا کہ جب آپ پرفارم نہیں کرتے تو باتیں تو ہوتی ہیں، تاہم اگر کارکردگی کی بات کی جائے تو گزشتہ سیریز میں وہ خود مین آف دی سیریز رہے تھے۔
بابراعظم نے نئے کھلاڑیوں کو بھی موقع سے فائدہ اٹھانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں آنے والے نوجوان کرکٹرز کے لیے یہ سنہری موقع ہے، انہیں اپنی صلاحیتیں ثابت کرنی چاہئیں۔
کپتان نے واضح کیا کہ مشکل کوئی نہیں، اصل چیز میدان میں کارکردگی دکھانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کو مختلف حالات اور کنڈیشنز میں خود کو ثابت کرنا ہوگا۔



