پنجاب میں تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں انقلابی اقدامات جاری ہیں، عظمیٰ بخاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تاریخی اور انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن کے ثمرات صوبے بھر کے عوام تک پہنچ رہے ہیں۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ طلبہ کو لیپ ٹاپ، وظائف (سکالرشپس) اور الیکٹرک بائیکس فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ نواز شریف اسکول آف ایمیننس منصوبہ صوبے میں تعلیمی معیار کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں نواز شریف کینسر ہسپتال اور سرگودھا میں کارڈیالوجی ہسپتال مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات اور مفت تشخیصی ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیر اطلاعات کے مطابق صوبے میں جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کے لیے گرین الیکٹرک بسوں کا نیٹ ورک اضلاع کے بعد اب تحصیل سطح تک توسیع دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شدید گرمی کے موسم میں ایئرکنڈیشنڈ الیکٹرک بسیں عام شہریوں کے لیے بڑی سہولت ثابت ہو رہی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے حکومتی وسائل اور عوامی سہولیات کو پنجاب کے کونے کونے تک پہنچا دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "پہلے عوام حکومت کو ڈھونڈتے تھے، اب حکومت خود لوگوں کے پاس پہنچ رہی ہے، اور یہی مریم نواز کی حکومت اور ماضی کی حکومتوں کے درمیان بنیادی فرق ہے۔”



