سابق کپتان اظہرعلی اسکاٹ لینڈ کرکٹ ٹیم کے ساتھ بطور کنسلٹنٹ منسلک ہوگئے

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی اسکاٹ لینڈ کرکٹ ٹیم کے ساتھ منسلک ہو گئے ہیں، جہاں وہ بطور کنسلٹنٹ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
کرکٹ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے اظہر علی کی تقرری کا باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق اظہر علی کو اسکاٹ لینڈ ٹیم کے دورہ نیپال کے لیے ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
اسکاٹ لینڈ کرکٹ ٹیم کی آئندہ اسائنمنٹ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ لیگ ٹو (CWC League 2) ہے، جس میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم نیپال اور امریکا کے خلاف میچز کھیلے گی۔
اظہر علی نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسکاٹ لینڈ کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے کیریئر کے آغاز میں بھی اسکاٹ لینڈ کے ساتھ تعلق رہا ہے، جس کے باعث یہ موقع ان کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ وہ باصلاحیت اسکاٹش ٹیم کے ساتھ کام شروع کرنے اور کھلاڑیوں کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔



