آزاد کشمیر میں ہڑتال کی کال مسترد، معمولاتِ زندگی بحال، عوام نے امن و استحکام کے حق میں فیصلہ سنا دیا


مظفر آباد(جانوڈاٹ پی کے) آزاد جموں و کشمیر میں شہریوں نے 5 جولائی کو دی گئی ہڑتال کی کال کو مسترد کرتے ہوئے معمولاتِ زندگی جاری رکھے، جبکہ ریاست بھر میں کاروباری سرگرمیاں اور سرکاری و نجی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ ہڑتال کی کال انتشار اور بدامنی پھیلانے کی ایک اور کوشش ہے، جسے عوام نے مسترد کر دیا۔ انہوں نے اپیل کی کہ لوگ افواہوں پر کان نہ دھریں اور اپنے کاروبار اور روزمرہ معمولات بلا تعطل جاری رکھیں۔
مقامی شہریوں کے مطابق ریاست بھر میں بازار، تجارتی مراکز، سرکاری و نجی دفاتر معمول کے مطابق فعال رہے، جبکہ عوام نے امن، استحکام اور ترقی کے سفر کو ترجیح دی۔
شہریوں نے مزید کہا کہ ماضی میں ایسی سرگرمیوں سے آزاد جموں و کشمیر کو معاشی اور سماجی نقصان اٹھانا پڑا، اس لیے عوام مزید کسی بھی قسم کے انتشار یا بدامنی کا حصہ بننے کے لیے تیار نہیں۔
عوام نے واضح کیا کہ وہ گمراہ کن پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے ریاست میں امن، ترقی اور استحکام کے ساتھ کھڑے ہیں۔