آسٹریلیا کا بھارت کو یورینیم فروخت کرنے کا فیصلہ

 سڈنی(جانوڈاٹ پی کے)آسٹریلیا نے بھارت کو یورینیم فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اس معاملے پر کئی برسوں سے جاری تعطل ختم ہو گیا ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو میلبورن میں ملاقات کے بعد یورینیم کی برآمدات سے متعلق انتظامی معاہدے کا اعلان کیا۔

دونوں رہنماؤں نے فوری طور پر یہ نہیں بتایا کہ آسٹریلیا بھارت کو کتنی مقدار میں یورینیم فراہم کرے گا اور برآمدات کب شروع ہوں گی۔

آسٹریلیا کی جانب سے بھارت کو یورینیم کی فراہمی کا عمل 2014 میں دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کے باوجود رک گیا تھا، کیونکہ خدشات ظاہر کیے گئے تھے کہ یہ مواد جوہری ہتھیار بنانے کے لیے استعمال ہو سکتا ہے۔

آسٹریلیا کے پاس دنیا میں یورینیم کے سب سے بڑے معلوم ذخائر موجود ہیں تاہم آسٹریلیا خود نہ جوہری توانائی استعمال کرتا ہے اور نہ ہی جوہری ہتھیار رکھتا ہے بلکہ اس کے تمام یورینیم ذخائر برآمد کیے جاتے ہیں۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق بھارت 2047 تک 100 گیگاواٹ جوہری توانائی پیدا کرنے کا ہدف رکھتا ہے۔

بھارت جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) کا  دستخط کنندہ ملک نہیں ہے اور آسٹریلیا این پی ٹی کا رکن ہونے کے باعث ایسے ممالک کو یورینیم فروخت کرنے سے انکار کرتا رہا ہے جو اس معاہدے کے دستخط کنندہ نہیں ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button