عطاء اللہ تارڑ کی گاڑی کے قریب ہوائی فائرنگ، ملزم اسلحہ سمیت گرفتار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کی گاڑی کے قریب ہوائی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد لاہور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ رات ڈیفنس اے کے علاقے میں پیش آیا۔ ملزم، جس کی شناخت اسامہ کے نام سے ہوئی ہے، کو اسلحے سمیت حراست میں لے لیا گیا جبکہ اس کے زیر استعمال گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔
لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی سے مدد حاصل کی گئی۔
وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ سفر کر رہے تھے کہ ایک گاڑی نے انہیں اوور ٹیک کیا، جس کے بعد گاڑی میں سوار شخص نے کھڑکی سے پستول نکال کر ہوائی فائرنگ کی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے عملے نے مشتبہ گاڑی کا تعاقب کیا، اس کا رجسٹریشن نمبر نوٹ کیا اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ انہیں نشانہ نہیں بنایا گیا تھا اور ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم کو یہ معلوم نہیں تھا کہ گاڑی میں وفاقی وزیر موجود ہیں۔
لاہور پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ واقعہ ٹارگٹڈ حملہ نہیں بلکہ ہوائی فائرنگ کا معاملہ تھا، تاہم تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔



