عاطف اسلم کی نئی البم ’صبح آئے نا‘ ریلیز کیلئے تیار

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)گزشتہ 2 دہائیوں سے زائد عرصے تک کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے نامور پاکستانی گلوکار عاطف اسلم 31 جولائی کو اپنی نئی میوزک البم ‘صبح آئے نا’ کے ذریعے مداحوں کو ایک بار پھر محظوظ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
عاطف اسلم جنوبی ایشیا کے ان چند فنکاروں میں سے ایک ہیں جن کی شہرت میں وقت گزرنے کے ساتھ کمی کے بجائے بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔
معروف آڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم ‘اسپاٹیفائی’ کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق عاطف اسلم کے گیت اب تک تقریباً 8 ارب مرتبہ سنے جا چکے ہیں، ان کے ماہانہ سامعین کی تعداد 3 کروڑ سے زیادہ ہے جب کہ ان موسیقی دنیا کے 184 ممالک میں باقاعدگی سے سنی جا رہی ہے۔
ان کی عالمی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ گزشتہ1 سال کے دوران ان کے گانوں کو 96 فیصد مرتبہ پاکستان سے باہر سنا گیا، جن میں مشرقِ وسطیٰ، شمالی امریکہ، یورپ اور ایشیا پیسیفک کے خطے نمایاں ہیں۔
روایتی پاپ، فلمی موسیقی اور روحانی کلام سمیت ہر صنف میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے عاطف اسلم کی موسیقی آج کی نوجوان نسل یعنی ‘جین زی’ (Gen Z) میں بھی غیر معمولی حد تک مقبول ہے، جس کا ثبوت یہ ہے کہ ان کے گیتوں کو سننے والوں میں 85 فیصد تعداد نوجوانوں کی ہے۔
گزشتہ 1 سال میں 4 کروڑ 10 لاکھ سے زائد نئے اور پرانے سامعین نے ان کی موسیقی کی جانب رخ کیا ہے، دنیا بھر میں موسیقی کے شائقین نے انہیں 3 کروڑ 75 لاکھ سے زائد ذاتی پلے لسٹس کا حصہ بنایا ہوا ہے، جو ان کے گیتوں کی ہر موقع اور جذبے سے ہم آہنگی کو ظاہر کرتا ہے۔
اپنی نئی البم کے حوالے سے عاطف اسلم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ البم میری زندگی کے اندرونی انتشار سے نکل کر اپنی حقیقی ذات سے ملنے کے سفر کی عکاسی کرتی ہے،میرے مداح منتظر رہیں، میں آپ سب کے سامنے اسے پیش کرنے کے لیے نہایت پرجوش ہوں۔
آئندہ ہفتے 31 جولائی کو ریلیز ہونے والی اس نئی البم میں کل 8 گیت ، صبح آئے نا، سفر میں ہوں، عشق، لیٹس ہیو سم فن، سن سجنا، ہوں عشق میں، چار یار اور سچے وعدے شامل ہیں۔



