صدر زرداری کا مقامی باشندوں کے حقوق اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے قدیم مقامی باشندگان کے حقوق، ثقافت، روایات اور فلاح و بہبود کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
قدیم مقامی باشندوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ یہ دن مقامی لوگوں کی خدمات کو تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے علم، روایات اور ان طریقوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع ہے، جنہیں انہوں نے نسل در نسل محفوظ اور منتقل کیا ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کی بھرپور ثقافتی رنگا رنگی میں کیلاش اور شمالی پہاڑی علاقوں کے متنوع باشندے نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔ یہ ثقافتی تنوع گلگت سے گوادر اور میدانی علاقوں سے چولستان اور تھر کے صحراؤں تک پھیلا ہوا ہے۔
صدر مملکت نے مقامی لوگوں کے حقوق، ثقافت، روایات اور فلاح و بہبود کے احترام کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے جن کا مقصد مقامی باشندوں کے علم کا احترام، ان کی آواز کو سنا جانا اور انہیں باوقار و محفوظ زندگی گزارنے کے لیے ضروری مواقع اور سہولیات تک رسائی یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ثقافتی تنوع اور مقامی روایات کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے اور یونیسکو کے غیر مادی ثقافتی ورثے کے تحفظ کے کنونشن پر عمل پیرا ہے۔



