صدر زرداری کی مون سون بارشوں پر ہائی الرٹ کی ہدایت، ریسکیو اداروں کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کا حکم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک میں جاری مون سون بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
صدر مملکت نے اپنے بیان میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز اور مقامی انتظامیہ مکمل رابطے اور باہمی تعاون کے ساتھ کام کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارشوں اور آبی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے نشیبی علاقوں میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ حساس علاقوں میں ریسکیو وسائل، مشینری اور امدادی سامان پہلے سے تعینات کیا جائے، جبکہ سیاحوں اور مقامی آبادی کے تحفظ کے لیے فوری حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔
صدر مملکت نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں کی موسمی وارننگز پر عمل کریں اور خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
انہوں نے مون سون بارشوں کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ریسکیو اور ایمرجنسی اہلکاروں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔



