صدر آصف علی زرداری کا بلوچستان میں کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق مستونگ، نوشکی، زہری، خضدار اور کیچ میں کیے گئے مؤثر آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 17 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جسے ریاستی اداروں کی بڑی کامیابی قرار دیا گیا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں قابلِ تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش دہشت گردی کا سب سے بڑا چیلنج بیرونی سرپرستی میں ہونے والی کارروائیاں ہیں جن کا مکمل خاتمہ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ فتنۂ ہندوستان اور اس کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک کے امن و استحکام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

صدر مملکت نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ریاستی اداروں کی کوششیں جاری رہیں گی اور پاکستان میں دیرپا امن قائم کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button