ہاکی ورلڈکپ 2026، پاکستان کے عبد الرحمان نے میجک اسکل ایوارڈ جیت لیا

برسلز(جانو ڈاٹ پی کے)ہاکی ورلڈکپ 2026 میں پاکستان کے لیے بڑا اعزاز، قومی کھلاڑی عبد الرحمان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایف آئی ایچ کا میجک اسکل ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔

فیڈریشن انٹرنیشنل ہاکی (ایف آئی ایچ) نے ورلڈکپ کے میجک اسکل ایوارڈز کے فاتحین کا اعلان کردیا، جس میں مینز کیٹیگری کا ایوارڈ پاکستان کے عبد الرحمان کے حصے میں آیا۔

عبد الرحمان نے ویلز کے خلاف میچ میں اپنی شاندار تھری ڈی اسکلز کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کے چار دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دیا اور خوبصورت گول اسکور کیا، جسے ٹورنامنٹ کے بہترین گولز میں شمار کیا گیا۔

میجک اسکل ایوارڈ کے لیے پاکستان کے عبد الرحمان، جنوبی افریقا کے کینٹن میلویل اور فرانس کے کرٹی ایلٹ کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔

مداحوں کی ووٹنگ میں عبد الرحمان نے جنوبی افریقا کے کینٹن میلویل کو پیچھے چھوڑ دیا۔ عبد الرحمان کے شاندار گول کو 44 فیصد ووٹس ملے، جبکہ کینٹن میلویل 39 فیصد ووٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

دوسری جانب ویمنز کیٹیگری کا میجک اسکل ایوارڈ بھارت کی گول کیپر بیچو دیوی کریبام نے جیت لیا۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف میچ کے آخری منٹ میں شاندار ریفلیکس سیو کرکے مداحوں کی توجہ حاصل کی، جس پر انہیں 52 فیصد ووٹس ملے۔

ہاکی ورلڈکپ 2026 میں پاکستان کی ٹیم 11ویں پوزیشن پر رہی، تاہم عبد الرحمان کا شاندار گول پاکستانی ٹیم کے لیے انفرادی طور پر ایک نمایاں اعزاز بن گیا۔

مزید خبریں

Back to top button