پاکستانی مہم جو انعم عزیر نے پہلی 100 کلومیٹر گلیات الٹرا میراتھون جیت لی
اپنی کامیابی پاکستان کی تمام خواتین کے نام کرتی ہوں، انعم عزیر

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) کوہ پیمائی اور ٹریل رننگ کے شعبے میں نمایاں مقام رکھنے والی پاکستانی مہم جو انعم عزیر نے ملک میں منعقد ہونے والی پہلی 100 کلومیٹر گلیات ماؤنٹین ٹریل الٹرا میراتھون جیت کر ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔
دشوار گزار پہاڑی راستوں، گھنے جنگلات، قدرتی رکاوٹوں اور جنگلی حیات کے خطرات سے بھرپور اس کٹھن مقابلے میں انعم عزیر نے غیر معمولی ہمت، مہارت اور برداشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی اپنے نام کی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انعم عزیر نے اپنی کامیابی پاکستان کی تمام خواتین، خصوصاً خواتین رنرز کے نام کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی مزید منفرد اور مشکل چیلنجز قبول کریں گی تاکہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ مقابلہ ہرگز آسان نہیں تھا اور انہیں پہلے سے اندازہ تھا کہ دورانِ ریس مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کے مطابق پہاڑی علاقوں میں آسمانی بجلی، دشوار گزار راستے اور جنگلی حیات جیسے خطرات ہمیشہ موجود رہتے ہیں۔
انعم عزیر نے بتایا کہ ایک تربیتی سیشن کے دوران جب وہ 40 کلومیٹر کی ٹرائل رن کر رہی تھیں تو صرف 200 فٹ کے فاصلے پر انہوں نے اپنے راستے میں ایک تیندوہ بیٹھا دیکھا، تاہم وقت کے ساتھ انہوں نے اپنے خوف پر قابو پا لیا اور اعتماد کے ساتھ اپنی تیاری جاری رکھی۔
انہوں نے کہا کہ وہ روزانہ باقاعدگی سے ٹریننگ کرتی ہیں اور ہر فرد کو اپنی زندگی کا حصہ فٹنس کو بنانا چاہیے، چاہے وہ کسی مقابلے میں حصہ لے یا نہ لے۔
انعم عزیر کی اس کامیابی کو پاکستان میں خواتین کی کھیلوں میں بڑھتی ہوئی نمائندگی اور مہم جوئی کے میدان میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔



