انمول عرف پنکی کے مقدمات میں ناقص تفتیش کا انکشاف، سٹی کورٹ نے 3 عبوری چالان واپس کردیئے

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سٹی کورٹ میں ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف درج تین مقدمات کی تفتیش میں اہم خامیاں سامنے آگئیں، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر نے درخشاں پولیس کی جانب سے جمع کرائے گئے تینوں عبوری چالان واپس کردیئے۔

سرکاری وکیل کے مطابق تینوں مقدمات 2021 میں درج کیے گئے تھے اور انمول عرف پنکی تینوں مقدمات میں اشتہاری تھی۔ ہر مقدمے میں ایک شریک ملزم بھی نامزد تھا، تاہم تینوں شریک ملزمان فہد حسین، سمیر اور قمر بری ہوچکے ہیں۔

پراسیکیوٹر نے اعتراض اٹھایا کہ عبوری چالان میں نہ تو انمول عرف پنکی کے اشتہاری ہونے کا ذکر کیا گیا اور نہ ہی شریک ملزمان کی بریت سے متعلق تفصیلات شامل کی گئیں۔

سرکاری وکیل کے مطابق انمول عرف پنکی کو شریک ملزمان کی نشاندہی پر مقدمات میں ملزم نامزد کیا گیا تھا۔ پراسیکیوٹر نے ہدایت کی کہ آئندہ چالان کے ساتھ انمول عرف پنکی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کی نقول بھی شامل کی جائیں۔

دوسری جانب عارف سیتائی ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ تینوں شریک ملزمان کی بریت کے عدالتی فیصلوں کی نقول بھی چالان کے ساتھ منسلک کی جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button