کپتانی چھن سکتی ہے، پاکستان کے لیے میرا جذبہ نہیں، عماد بٹ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان عماد بٹ نے کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد پہلی بار اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی نمائندگی ان کے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے اور کپتانی ختم ہو سکتی ہے، لیکن وطن کے لیے ان کا جذبہ کبھی ختم نہیں ہوگا۔

اپنے بیان میں عماد بٹ نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ ان کی قیادت میں پاکستان نے آٹھ سال بعد ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا، جو صرف ان کی نہیں بلکہ پوری قوم اور پاکستان ہاکی کی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی وفاداری کسی عہدے سے نہیں بلکہ پاکستان سے ہے اور وہ پہلے کی طرح بھرپور جذبے کے ساتھ قومی ٹیم کے لیے کھیلتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پرچم بلند کرنا ہمیشہ ان کی پہلی ترجیح رہے گا۔

سابق کپتان نے کہا کہ ہاکی نے انہیں عزت، پہچان اور پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز دیا، جس پر وہ ہمیشہ فخر محسوس کریں گے۔

عماد بٹ نے قومی ہاکی ٹیم کے نئے کپتان ابوبکر کو ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد بھی پیش کی اور کہا کہ ان کا تجربہ، رہنمائی اور مکمل حمایت ہمیشہ نئے کپتان کے ساتھ رہے گی۔

انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ "ہم ایک ٹیم، ایک پرچم اور ایک مقصد کے لیے کھیلتے ہیں” اور قومی ہاکی کی کامیابی ہی سب سے اہم ہے۔

مزید خبریں

Back to top button