پرتشدد اور ریاست مخالف عناصر سے مذاکرات ناممکن ہیں، آئی جی آزاد کشمیر

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) انسپکٹر جنرل (آئی جی) آزاد جموں و کشمیر پولیس لیاقت علی ملک نے پرتشدد اور ریاست مخالف عناصر سے مذاکرات کے مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں کے قتل اور شہریوں پر تشدد میں ملوث افراد کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جا سکتی۔
آئی جی پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس اہلکاروں کو بے دردی سے شہید کرنے اور ان کی لاشوں کی بے حرمتی کرنے والوں کے ساتھ مذاکرات کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا کوئی شخص اپنے بھائی کے قاتلوں کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کا تصور بھی کر سکتا ہے؟
لیاقت علی ملک کا کہنا تھا کہ پولیس کا کردار سیاسی معاملات کا حل نکالنا نہیں بلکہ قانون پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے، جبکہ سیاسی مسائل کا حل سیاست دانوں کے ذریعے تلاش کیا جاتا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض شرپسند عناصر سکیورٹی فورسز کو دھمکیاں دے رہے ہیں اور عام شہریوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان کے مطابق ایک بے قصور شہری، جو اپنی والدہ کے جنازے میں شرکت کے لیے جا رہا تھا، مبینہ طور پر اغوا کیا گیا اور اس پر تشدد کیا گیا۔
آئی جی آزاد کشمیر پولیس نے کہا کہ معصوم شہریوں پر تشدد اور پرتشدد کارروائیوں میں ملوث عناصر کے خلاف ریاست قانون کے مطابق پوری قوت سے کارروائی کرے گی۔



