آزاد کشمیر انتخابات 2026، 45 حلقوں میں 852 امیدوار میدان میں، الیکشن کمیشن نے حتمی فہرست جاری کر دی

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے)الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی، جس کے بعد انتخابی سرگرمیوں میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے 45 انتخابی حلقوں سے مجموعی طور پر 852 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ 320 سے زائد امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے چکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق میرپور کے 4 حلقوں سے 98، بھمبر کے 3 حلقوں سے 63، کوٹلی کے 6 حلقوں سے 135، باغ اور حویلی کے 3 حلقوں سے 83، پونچھ اور سدھنوتی کے 7 حلقوں سے 126، نیلم کے 2 حلقوں سے 51، مظفرآباد کے 5 حلقوں سے 126 اور جہلم ویلی سے 34 امیدوار انتخابی میدان میں موجود ہیں۔

اس کے علاوہ مہاجرین جموں و کشمیر کی 12 مخصوص نشستوں پر بھی 126 امیدوار قسمت آزمائی کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ 24 رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو ان کے انتخابی نشانات الاٹ کر دیے گئے ہیں، جبکہ آزاد امیدواروں کو بھی جلد انتخابی نشانات جاری کیے جائیں گے۔

حتمی امیدواروں کی فہرست جاری ہونے کے بعد انتخابی مہم میں مزید تیزی آنے اور سیاسی سرگرمیوں کے عروج پر پہنچنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button