آزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا مرحلہ کل، باغ اور حویلی کی 4 نشستوں پر پولنگ ہوگی

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) آزاد جموں و کشمیر قانون اسمبلی کے انتخابات کا تیسرا مرحلہ کل 10 اگست کو ہوگا، پونچھ ڈویژن کے دو اضلاع باغ اور حویلی کے 4 انتخابی حلقوں میں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔

الیکشن حکام کے مطابق چاروں حلقوں میں مجموعی طور پر 82 امیدوار میدان میں ہیں، جبکہ انتخابی اور سکیورٹی عملے سمیت پولنگ کا سامان آج شام تک متعلقہ پولنگ اسٹیشنز پر منتقل کردیا جائے گا۔

ضلع حویلی میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، سابق ممبر کشمیر کونسل خواجہ طارق سعید اور مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار محسن عزیز کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔

کل ضلع باغ کے 3 اور حویلی کے ایک انتخابی حلقے میں پولنگ ہوگی۔

ترجمان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے مطابق باغ اور حویلی میں انتخابی مہم گزشتہ رات 12 بجے اختتام پذیر ہوگئی، جس کے بعد ہر قسم کی انتخابی سرگرمی پر پابندی عائد ہے۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے بتایا کہ سکیورٹی وجوہات کے باعث پہلے باغ اور حویلی کی چار نشستوں پر انتخابی عمل مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے سات روز میں راولاکوٹ اور سدھنوتی کے لیے انتخابی تاریخ کا اعلان کیا جاسکتا ہے، تاہم امیدواروں کو انتخابی مہم چلانے کے لیے مناسب وقت فراہم کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button