یومِ فضائیہ: مریم نواز کا پاک فضائیہ کے شاہینوں، شہداء اور غازیوں کو سلام

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ فضائیہ کے موقع پر پاکستان ایئر فورس کے شاہینوں، جانبازوں، شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے ان کی لازوال قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ یومِ فضائیہ قومی اتحاد، غیر متزلزل عزم اور حب الوطنی کے جذبے کی علامت ہے، جبکہ پاکستان کی فضائی سرحدوں کے دفاع میں پاک فضائیہ کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ راشد منہاس شہید سمیت پاک فضائیہ کے شاہینوں نے جرات، شجاعت اور بہادری کی لازوال داستانیں رقم کیں، قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور شاہینوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس مئی میں پاک فضائیہ نے دشمن کے 8 جدید ترین جنگی طیارے گرا کر سبز ہلالی پرچم کو سربلند کیا۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور عزم سے ایک بار پھر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت قوم کے ہیرو ہیں، ان کی قربانیاں ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button