بیلا روس کی فوج کے سربراہ کی ایئرچیف سے ملاقات،دفاعی تعاون بڑھانے پراتفاق

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)بیلا روس کے دفاعی وفد نے ایئرہیڈ کوارٹرز میں پاک فضائیہ کے سربراہ اور ایئرچیف ظہیر احمد بابر سدھو سے اہم ملاقات کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جمہوریہ بیلاروس کے اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف اور دفاع کے پہلے نائب وزیر میجر جنرل مراویکو پاویل نکولایووچ کی قیادت میں ایئرہیڈ کوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا اور ایئرچیف ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دوطرفہ دفاعی ترقی، صنعتی تعاون، عسکری روابط، تربیتی اشتراک اور ابھرتی ہوئی فضائی و خلائی ٹیکنالوجیز میں تعاون پر جامع تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ؎
فریقین نے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے مشترکہ عزم کا بھی اعادہ کیا۔
سربراہ پاک فضائیہ نے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پاک فضائیہ کے غیرمتزلزل عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے پاک فضائیہ کی جدید خطوط پر استوار کرنے کی حکمتِ عملی، خودانحصاری پر مبنی اقدامات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ مضبوط اور پائیدار شراکت داری کے فروغ کے لیے عسکری تعاون، مشترکہ تربیتی سرگرمیوں، تکنیکی اشتراک، دفاعی و صنعتی تعاون اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں روابط کو مزید وسعت دینا ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں دوست ممالک کی فضائی افواج کے درمیان مشترکہ مشقوں، باہمی تربیت اور تکنیکی و آپریشنل تعاون کے فروغ کے ذریعے دوطرفہ اشتراک کو مزید وسعت دی جائے گی۔
میجر جنرل مراویکو پاویل نکولایووچ نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی بصیرت افروز قیادت میں پاک فضائیہ کی شاندار پیش رفت کو سراہتے ہوئے اس کی آپریشنل تیاری، جدید تکنیکی صلاحیتوں اور خودانحصاری پر مبنی اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
انہوں نے پاک فضائیہ کو جدید فضائی افواج کے لیے ایک قابلِ تقلید نمونہ قرار دیتے ہوئے دفاع، فضائی و خلائی شعبوں اور تربیتی میدان میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی بھرپور خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان فروغ پاتا ہوا دفاعی تعاون عملی اور دیرپا نتائج کا حامل ثابت ہوگا۔
مہمان وفد نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے ساتھ مشترکہ منصوبوں میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اسے جدید تحقیق، اختراع اور اشتراکِ عمل کے ذریعے فضائی و خلائی صنعت کے مستقبل کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرنے والا ایک انقلابی مرکز قرار دیا۔
بیلاروس کے اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد کا ایئر ہیڈکوارٹرز کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ عسکری شراکت داری کے استحکام اور وسعت کا مظہر اور اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان اور بیلاروس دفاع اور ہوا بازی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دے کر اپنے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔



