اماراتی کمپنی اور حکومت پاکستان کے درمیان فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری کا معاہدہ طے

اسلام آباد(jano.pk)متحدہ عرب امارات کی انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی اور حکومت پاکستان کے درمیان جی ٹو جی فریم ورک کے تحت فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری کا معاہدہ طے پا گیا۔
اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزرا اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے معاہدے کو اچھے سفر کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ منصوبے دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ فرسٹ ویمن بینک خواتین کاروباری شخصیات، خواتین تاجر، آئی ٹی، کمرشل کاروبار اور مشترکہ منصوبوں کے شعبوں میں کام کرنے والی خواتین ماہرین کے لیے وقف ہے ۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ خواتین کو اس بینک کے ذریعے ایک شاندار موقع ملے گا کہ وہ اپنے شعبے میں ترقی کریں اور صنعت، زراعت یا تجارت کے جس میدان میں بھی چاہیں ، اپنی سرگرمیاں وسیع کریں ۔
وزیراعظم نے یقین کا اظہار کیا کہ اب یہ بینک پیشہ ورانہ انتظام اور دور اندیش قیادت کے تحت بہت تیزی سے ترقی کرے گا ۔



