پنجاب میں غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد وطن واپس

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے انخلاء کی مہم جاری ہے، محکمہ داخلہ پنجاب کے فارن نیشنل سکیورٹی سیل کی کارروائیوں کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو گرفتار کرکے وطن واپس بھجوایا جا رہا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق اب تک پاکستان سے مجموعی طور پر 26 لاکھ 89 ہزار 295 افغان باشندے وطن واپس جاچکے ہیں، جبکہ پنجاب سے ایک لاکھ 40 ہزار 468 غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو واپس بھجوایا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ حکومتِ پاکستان کی پالیسی کے مطابق قابلِ قبول ویزا کے بغیر پاکستان میں مقیم افغان شہریوں کا قیام غیر قانونی تصور کیا جاتا ہے۔ اسی پالیسی کے تحت صوبے بھر میں جاری کریک ڈاؤن کے دوران رہائشی علاقوں اور مارکیٹوں کی مکمل جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو گرفتار کرکے ہولڈنگ سینٹرز منتقل کیا جاتا ہے، جہاں ان کی عارضی رہائش، رجسٹریشن اور وطن واپسی کے انتظامات مکمل کیے جاتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق پنجاب میں اس وقت 39 ہولڈنگ سینٹرز فعال ہیں، جن میں 188 افغان شہری موجود ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو طورخم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کیا جاتا ہے۔



