افغانستان میں طالبان مخالف گروپ کا بڑا دعویٰ، ہلمند میں 9 طالبان جنگجو ہلاک کرنے کا اعلان


کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں طالبان کے خلاف مسلح مزاحمت کرنے والے گروہ افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ نے صوبہ ہلمند میں مختلف کارروائیوں کے دوران 9 طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلمند میں 2 کارروائیوں کا دعویٰ کیا۔
گروپ کے مطابق ضلع گریشک میں طالبان کی ایک چوکی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 3 طالبان جنگجو ہلاک ہوئے، جبکہ یونائیٹڈ فرنٹ کے جنگجوؤں نے چوکی میں موجود اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لے لیا۔
افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ نے اس سے قبل ضلع نوزاد میں بھی طالبان کے خلاف کارروائی کا دعویٰ کیا تھا، جس میں گروپ کے مطابق 6 طالبان جنگجو ہلاک ہوئے۔
تاہم طالبان کی جانب سے ان کارروائیوں اور ہلاکتوں کے دعووں پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، اس لیے ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔