ایران کا نئی امریکی پابندیوں پر شدید ردعمل، عراقچی نے امریکا کو ’معاشی دہشتگردی‘ کا ذمہ دار قرار دے دیا

تہران(ویب ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نئی امریکی پابندیوں کو ریاستی اور معاشی دہشتگردی قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، سلامتی کونسل اور تمام رکن ممالک کو خط ارسال کردیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق عباس عراقچی نے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ امریکا جنگ کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے اور دیگر ممالک کو اپنی مہم میں شامل کرنے میں ناکامی کے بعد اب ایران کے دوسرے ممالک کے ساتھ جائز اقتصادی تعلقات ختم کرانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی پابندیاں جان بوجھ کر عام شہریوں کو نقصان پہنچاتی ہیں، کیونکہ ان کے نتیجے میں خوراک، ادویات، طبی آلات، توانائی اور دیگر بنیادی ضروریات تک رسائی محدود ہوجاتی ہے۔

خط میں کہا گیا کہ اس طرح کی پابندیاں زندگی، صحت، خوراک اور مناسب معیارِ زندگی سمیت بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا باعث بنتی ہیں۔

عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور رکن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکا کی یکطرفہ جبری اور ثانوی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں مسترد کریں۔

انہوں نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ امریکی پابندیوں کو تسلیم نہ کریں اور نہ ہی ان پر عمل درآمد کریں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مزید مطالبہ کیا کہ امریکا تیسرے ممالک پر ایران کے ساتھ جائز اقتصادی تعلقات ختم یا محدود کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے۔

مزید خبریں

Back to top button