سلامتی کونسل کا اہم اجلاس، امریکا کا ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کو ویزا جاری کرنے سے انکار

تہران (ویب ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اہم اجلاس میں شرکت نہیں کر سکیں گے کیونکہ امریکا نے انہیں ویزا جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سلامتی کونسل کا اجلاس اس ہفتے “اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کا تحفظ اور عالمی نظام کو مضبوط بنانے” کے موضوع پر منعقد ہو رہا ہے، جو چین کی صدارت میں ہوگا اور اس کی سربراہی چینی وزیر خارجہ وانگ یی کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق ایران اس اجلاس کا رکن نہیں ہے، تاہم خصوصی دعوت پر عباس عراقچی کو شرکت کرنی تھی، مگر ویزا مسائل کے باعث ان کا نیویارک جانا ممکن نہ ہو سکا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی ویزا انکار کی تصدیق کر دی ہے۔
پاکستان کی نمائندگی اس اجلاس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے، جو عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
سفارتی مبصرین کے مطابق عراقچی کی عدم موجودگی سے ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ براہِ راست رابطے کا موقع بھی ضائع ہو گیا ہے۔
چینی حکام کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کثیرالجہتی سفارت کاری، اقوام متحدہ کے کردار کی مضبوطی اور تنازعات کے پرامن حل پر زور دیا جائے گا۔



