ہندو انتہا پسند رہنما کا عامر خان کو قتل کرنے پر 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)ہندو انتہا پسند رہنما جگد گرو پرمہنس آچاریہ کی جانب سے بالی وڈ اداکار عامر خان کو قتل کرنے پر 5 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹرا کے ایک وزیر نتیش رانے کی جانب سے عامر خان کی شادیوں کے تناظر میں انہیں "لو جہاد کا برانڈ ایمبیسیڈر” قرار دیا گیا جس کے بعد ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا۔
ایودھیا سے تعلق رکھنے والے ایک ہندو انتہا پسند رہنما جگد گرو پرمہنس آچاریہ نے عوامی سطح پر وزیر نتیش رانے کے بیان کی حمایت کی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ عامر خان کی ہندو خواتین سے شادیوں کا مقصد لو جہاد کو فروغ دینا تھا، یہ بات محض الزام نہیں بلکہ حقیقت کی عکاسی کرتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندو انتہا پسند رہنما نے عامر خان کو قتل کرنے والے شخص کے لیے 5 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جو کوئی بھی اداکار کا سر قلم کر کے میرے پاس لائے گا، میں نقد انعام دوں گا اور اگر کسی نے اسے قتل کرنے کی ہمت نہ کی، تو میں خود اسے ڈھونڈ کر مار ڈالوں گا۔
اس کے ساتھ ہی ہندو رہنما نے قتل کرنے والے شخص کو قانونی اخراجات برداشت کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ اس طرح کے اقدامات سے اس عمل کی حوصلہ شکنی ہوگی جسے وہ "لو جہاد” قرار دیتے ہیں۔



