کراچی:جنوبی افریقہ انڈر 19 ویمنزکرکٹ ٹیم کی کوچ کا تاریخی ہنومان مندر کا دورہ، شانداراستقبال

کراچی/تھرپارکر(رپورٹ :میندھرو کاجھروی /جانو ڈاٹ پی کے) جنوبی افریقہ کی انڈر 19 ویمنز کرکٹ ٹیم کی ہیڈ کوچ ڈینیشا دیوارائن نے کراچی کے علاقے سولجر بازار نمبر 3 میں واقع تاریخی شری پنچ مکھی ہنومان مندر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مندر کے پجاری اور انتظامیہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور سندھ کی روایتی ثقافت کے مطابق انہیں اجرک اور چُنڑی کا تحفہ پیش کیا۔

دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈینیشا دیوارائن نے کہا کہ انہیں شری پنچ مکھی ہنومان مندر آنے کا اعزاز حاصل ہوا، جو ایک قدیم، تاریخی اور مقدس عبادت گاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ روایات کے مطابق بن باس کے دوران شری رام، ماتا سیتا اور لکشمن بھی اس مقام پر تشریف لائے تھے، جس کے باعث یہ مندر خصوصی روحانی اور تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ مندر آ کر انہیں بے حد سکون، خوشی اور روحانی اطمینان محسوس ہوا۔ انہوں نے مندر کے پجاری، انتظامیہ اور مقامی ہندو برادری کی جانب سے محبت، خلوص اور گرمجوشی سے کیے گئے استقبال پر دلی تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس یادگار مہمان نوازی کو ہمیشہ یاد رکھیں گی۔

مندر انتظامیہ نے اس موقع پر کہا کہ مختلف ممالک سے آنے والے مہمانوں کی اس تاریخی عبادت گاہ میں آمد بین المذاہب ہم آہنگی، امن، رواداری اور سندھ کی صدیوں پرانی مہمان نوازی کی روشن روایت کی عکاسی کرتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button