دورہ انگلینڈ کے بعد پاکستانی کرکٹرز وطن واپس پہنچ گئے، رضا اللہ کا اسلام آباد ایئرپورٹ پر شاندار استقبال


اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) دورہ انگلینڈ مکمل ہونے کے بعد پاکستانی کرکٹرز وطن واپس پہنچ گئے، مختلف کھلاڑی دوحہ کے راستے اپنے اپنے شہروں کو روانہ ہوئے۔
ایجبسٹن ٹیسٹ میں ڈیبیو پر شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے رضا اللہ کی اسلام آباد ایئرپورٹ آمد پر مداحوں اور کرکٹ سے وابستہ افراد نے پرتپاک استقبال کیا۔
کپتان بابر اعظم، آذان اویس اور دیگر قومی کرکٹرز لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم نے دورہ انگلینڈ کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے اور وہ او جی ڈی سی ایل کی نمائندگی کریں گے۔
دورہ انگلینڈ قومی ٹیم کے لیے مشکل ثابت ہوا، جہاں پاکستانی ٹیم کو سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔ سلو اوور ریٹ کے باعث ٹیم پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ بھی عائد ہوا، جبکہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 11 پوائنٹس بھی منہا کیے گئے۔