عامر خان پہلی بار سپر ہیرو بننے کو تیار؟

ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان پہلی مرتبہ سپر ہیرو کے کردار میں نظر آ سکتے ہیں، اس حوالے سے ہدایت کار آر بالکی کے ساتھ ان کی ابتدائی بات چیت جاری ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آر بالکی ایک نئی سپر ہیرو فلم بنانے کی تیاری کر رہے ہیں، جس میں مرکزی کردار کے لیے عامر خان کے نام پر غور کیا جا رہا ہے۔ فلم کی پروڈیوسر کی ذمہ داری معروف فلمساز ساجد ناڈیاڈوالا کو دیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق فلم کا سکرپٹ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور عامر خان کے ساتھ معاملات حتمی شکل اختیار نہیں کر سکے۔ اداکار کی شمولیت کا فیصلہ کہانی اور مکمل سکرین پلے تیار ہونے کے بعد متوقع ہے۔
عامر خان فلموں کے انتخاب میں خاصے محتاط سمجھے جاتے ہیں اور کسی بھی منصوبے کا حصہ بننے سے پہلے مضبوط اور مکمل سکرپٹ کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ فلمساز فی الحال کہانی اور سکرین پلے کو حتمی شکل دینے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔
اگر معاملات طے پا گئے تو یہ عامر خان کی آر بالکی اور ساجد ناڈیاڈوالا کے ساتھ پہلی فلم ہوگی۔ فلمساز آئندہ چند ماہ میں اداکار کے سامنے مکمل سکرپٹ پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
عامر خان کو سپر ہیرو کے روپ میں دیکھنے کی ممکنہ خبر اس لیے بھی خاصی دلچسپی کا باعث بن رہی ہے کہ انہوں نے اپنے طویل فلمی کیریئر کے دوران متعدد منفرد کردار ادا کیے ہیں، تاہم سپر ہیرو کا کردار ان کے لیے ایک نیا تجربہ ہوگا۔
عامر خان کی کامیاب فلموں میں 2016 کی ’’دنگل‘‘ اور 2017 کی ’’سیکریٹ سپر اسٹار‘‘ شامل ہیں، جبکہ 2025 میں ریلیز ہونے والی ’’ستارے زمین پر‘‘ نے بھی باکس آفس پر اچھی کارکردگی دکھائی۔
دوسری جانب عامر خان ان دنوں ہدایت کار آشوتوش گوواریکر کی کرکٹ پر مبنی فلم ’’للکارا‘‘ میں بھی کام کر رہے ہیں، جس میں وہ سابق بھارتی کرکٹر لالا امرناتھ کا کردار ادا کریں گے۔



