ٹھٹھہ:عارب سولنگی میں پولیس کی جانب سےگھروں کی مسماری پرعوامی تحریک کی شدید مذمت

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف میمن )گاؤں عارب سولنگی پر رات کی تاریکی میں پولیس کی جانب سے چڑھائی کر کے گھروں کو مسمار کرنے پر عوامی تحریک کی جانب سے مذمت۔
عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایڈوکیٹ وسند تھری، مرکزی جنرل سیکریٹری ساجد حسین مہیسر، مرکزی رہنماؤں عبدالقادر قادرو رانٹو، نور نبی پلیجو اور مجید ساگر پرہیار، عوامی تحریک ضلع ٹھٹہ کے صدر رزاق چانڈیو، شاہ محمد چانگ، مٹھا خان لاشاری، گھنور زنور، بلاول لاشاری نے اپنے مشترکہ مذمتی بیان میں ٹھٹہ کے قریب گاؤں عارب سولنگی پر رات کی تاریکی میں ٹھٹہ پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں کی طرح چڑھائی کر کے گھر گرا کر پورے گاؤں کو مٹی میں ملانے کے عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ پولیس عوام کو تحفظ دینے کے بجائے حکمران جماعت اور بااثروں کی ذاتی غلامی والا شرمناک کردار ادا کر رہی ہے۔
گاؤں عارب سولنگی کے بے بس، مسکین اور محنت کش لوگوں کے گھر گرا کر مٹی میں ملانا نہ کوئی آئین کی پاسداری ہے اور نہ قانون کی۔ یہ کارروائی قانون اور بنیادی انسانی حقوق کو اپنے پیروں تلے روندنا ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ پولیس سمیت ملک کے کسی بھی ادارے کے اہلکاروں کو یہ اخلاقی یا قانونی اختیار حاصل نہیں کہ وہ رات کی تاریکی میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے نیند میں سوئے ہوئے معصوم بچوں، بیٹیوں، عورتوں اور ضعیف بزرگوں پر چڑھائی کر کے ان کے گھر گرا دیں۔
ایسی کارروائیاں فلسطین اور غزہ کی پٹی میں غاصب اسرائیلی فوج کرتی ہے، جس کی پوری دنیا مذمت کرتی ہے۔
عوامی تحریک کے رہنماؤں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے حکمران اپنی اقتدار کی ہوس اور سیاسی مفادات پورے کرنے کے لیے سندھ کو غزہ بنانا بند کریں۔
گاؤں عارب سولنگی کے گھر بغیر نوٹس یا عدالتی حکم کے گرانے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے اور متاثرہ دیہاتیوں کا فوری ازالہ کیا جائے۔



